واشنگٹن میں یومِ معرکہ حق کی تقریب، پاکستان کے دفاعی عزم اور قومی مؤقف کا اعادہ

عالمی اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار ہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے، رضوان سعید شیخ

ہفتہ 9 مئی 2026 16:59

واشنگٹن میں یومِ معرکہ حق کی تقریب، پاکستان کے دفاعی عزم اور قومی مؤقف ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام شرکاء تک پہنچایا۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے دنیا کے اہم ترین اور حساس ترین خطے میں واقع ہے جہاں پاکستانی قوم نے اپنی بقا کی جنگ انتہائی استقامت اور بہادری سے لڑی۔اٴْنہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے دنیا کی سلامتی وابستہ ہے اور پاکستان گزشتہ 8 دہائیوں سے سیاسی، سفارتی اور عالمی محاذ پر مؤثر کردار ادا کرتا آ رہا ہے، عالمی اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار ہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

(جاری ہے)

سفیرِ پاکستان نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، جس کی اسے بھاری قیمت چکانا پڑی۔انہوں نے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔رضوان سعید شیخ نے کہاکہ بنیان مرصوص کے فلسفے کی تکمیل معاشی ترقی سے وابستہ ہے جبکہ وطنِ عزیز کی سالمیت، تعمیر و ترقی کے لیے قومی اتحاد کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اٴْنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی عزت اور وقار پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دے گا۔