کشمیرانسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ایگزیکٹوڈائریکٹر کا کنٹرول لائن کے قریب کشمیری نوجوان کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

جمعرات 14 مئی 2026 17:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (KIIR) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار امجد یوسف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک کشمیری نوجوان کے اغوا اور قتل کی آزادانہ تحقیقات کا حکم دیں۔

‎اقوام متحدہ کے سربراہ کے نام خط میں سردار امجد یوسف نے اس واقعہ کو ایک “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ایک بے گناہ شہری کو عسکریت پسند ظاہر کرکے پاکستان کو بدنام کرنا اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔‎خط میں کہا گیا ہے کہ مقتول محمد عامر ولد چوہدری محمد شفیع، جو پونچھ کا رہائشی تھا، کی شادی صرف ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

‎خط کے مطابق، “عامر کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب اس کے آبائی گاؤں سے ایک گھات لگا کر کیے گئے آپریشن کے دوران اغوا کیا اور بعد ازاں بے دردی سے قتل کر دیا۔‎سردار امجد یوسف نے کہا کہ بھارتی حکام نے بعد ازاں مقتول کو دہشت گرد قرار دینے کی کوشش کی، تاہم اہل خانہ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر کا کسی عسکری تنظیم یا سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کے بعض حلقوں کی جانب سے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں مبینہ فائرنگ سے متعلق “گمراہ کن اور من گھڑت” خبروں کی بھی مذمت کی۔ بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سردار امجد یوسف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں بے گناہ شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ لائن آف کنٹرول کے اطراف آباد شہری آبادی میں خوف اور عدم استحکام کو بھی بڑھا رہے ہیں۔‎خط میں کہا گیا کہ حالیہ قتل کے واقعے کے بعد سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں شدید غم و غصہ اور تشویش پائی جاتی ہے ۔‎فوری عالمی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے سردار امجد یوسف نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر شہریوں کے قتل کے واقعات کی شفاف، غیر جانبدار اور آزادانہ تحقیقات کرائے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سرحدی علاقوں میں کھیتوں میں کام کرنے والے دیہاڑی دار مزدور بھی شامل تھے۔سردار امجد یوسف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ مزید خونریزی روکنے، شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والے اقدامات کی حوصلہ شکنی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔