راولاکوٹ،بھارتی فوج نے غلطی سے ایل او سی کراس کرنے والے نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا، نعش کی واپسی سے انکار

اہل خانہ کا عالمی اداروں اور حکومت سے بھارتی فوج کی بربریت کا نوٹس لینے، میت کی باوقار واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ

جمعرات 14 مئی 2026 21:25

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) بھارتی فوج نے غلطی سے ایل او سی کراس کرنے والے نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔بھارتی حکام نے نوجوان کو مبینہ درانداز قرار دے کر میت بھی واپس کرنے سے انکار کر دیا ۔شہید نوجوان کی شناخت محمد عامر کے نام سے ہوئی ہے جو راولاکوٹ کے علاقے بٹل کا رہائشی تھا۔ ورثا ء نے کہا کہ عامر گزشتہ روز صبح معمول کے مطابق اپنی بھینسوں کو چرانے کیلئے گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد وہ واپس نہ لوٹا۔

(جاری ہے)

مال مویشی چراتے ہوئے عامر نادانستہ طور پر لائن آف کنٹرول عبور کر گیا، جہاں وہاں تعینات بھارتی اہلکاروں نے اسے نشانہ بنایا۔اہل خانہ کے مطابق عامر کی تلاش میں تھے کہ بھارتی میڈیا کے ذریعے اطلاع ملی کہ بھارتی فوج نے ایک درانداز کو ہلاک کر دیا ہے۔ورثا نے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر ایک عام شہری اور محنتی نوجوان تھا جس کا کسی بھی دہشت گردی یا دراندازی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے تاحال نوجوان کی میت ورثا کے حوالے نہیں کی، شہید کے خاندان نے عالمی اداروں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی فوج کی اس بربریت کا نوٹس لیا جائے اور ان کے پیارے کی میت کی باوقار واپسی کو یقینی بنایا جائے۔