سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین ،شافع حسین سے علماء کرام کے وفد کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر بات چیت

منگل 14 جولائی 2026 19:31

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین ،شافع حسین سے علماء کرام کے وفد کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے علماء کرام کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم حافظ اسد عبید، ناظم اعلیٰ مولانا اویس حسن،چیئر مین پنجاب قرآن بورڈ حافظ زبیر حسن اور دیگر شامل تھے۔

ملاقات کے دوران پٴْرامن معاشرے کے قیام، ملک میں امن وامان کی صورتحال،مزہبی ہم آہنگی کے فروغ اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر علماء کرام کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت حسین ملک کی مدبر اور قد آور سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے ملک کی تعمیر وترقی میں لازوال کردار ادا کیا ہے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری،شرافت اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے ملنساری اور اور انسان دوستی ان کی شخصیت کے نمایاں پہلو ہیں۔

(جاری ہے)

حافظ اسد عبید نے کہا کہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ ہے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی،سلامتی اور خوشحالی اور چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرامن معاشرے کے قیام کیلئے علماء کرام اور مشائخ عظام نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے،علماء کرام اور مشائخ عظام رواداری،تحمل اور بھائی چارے کے جذبات کے فروغ کیلئے اپنا مؤثر کردار جاری رکھیں۔

احترام انسانیت اور بہتر سماجی رویوں کی ترویج میں علماء کرام کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، اتحاد کی قوت سے ہی امن کے دشمنوں کے مزموم عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج شرپسند عناصر اور امن دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن معاشرے کے قیام کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف میں کرپشن کے خاتمے، ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات بارے آگاہ کیا۔انیوں نے بتایا کہ متحدہ علماء بورڈ،قرآن بورڈ اور اتحاد بین المسلمین کمیٹی پوری طرح فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کو ہرقسم کی کرپشن سے پاک کرنے کیلئے اس کی ڈیجیٹائز یشن کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن وسلامتی کا دین ہے جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں علماء کرام پرامن معاشرے کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔