یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور پاکستان سے لازوال رشتے کی تجدید کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 18 جولائی 2026 21:36

یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 19 جولائی کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی،مشترکہ تاریخ، مذہبی و ثقافتی رشتوں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ہفتہ کویومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ایک بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مؤثر نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ہمیشہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی رہی ہے اور سینیٹ ہر قومی، علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانی فورم پر کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور آزادی و انصاف کے لیے ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔