این سی سی آئی اے نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا

سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف جھوٹے اور تضحیک آمیز بیان کی تشہیر کی گئی ، عدم پیشی پر یہ سمجھا جائےگا کہ ان کے پاس دفاع میں پیش کرنے کو کچھ نہیں ہے۔ نوٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 19 جولائی 2026 00:43

این سی سی آئی اے نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 جولائی 2026ء ) این سی سی آئی اے نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔میڈیا کے مطابق نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو20جولائی کو دن 12بجے اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے، سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف جھوٹے اور تضحیک آمیز بیان کی تشہیر کی گئی ۔

نورین نیازی کی عدم پیشی پر یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس دفاع میں پیش کرنے کو کچھ نہیں ہے۔ یاد رہے سابق وزیرعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی نے نجی ٹی وی انٹرویو میں الزام لگایا کہ معرکہ حق افواج پاکستان اور مودی کا گٹھ جوڑ تھا۔
نورین نیازی نے سنگین الزام عائد کیا کہ مودی چاہتا تو دو منٹ میں فکس کردیتا، بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ نہیں کیا کیونکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جارہا تھا۔

(جاری ہے)

اس بیان پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان اپنے بھائی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا کہ پاکستان نے بھارت کو معرکہ حق میں عبرتناک شکست دی، نورین نیازی کا فاشسٹ مودی کے حق میں بیان شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب حنا پرویز بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی بہنوں کو شرم آنی چاہئے جو پاکستان کے خلاف بیان دیکر بھارت سے داد وصول کر رہی ہیں۔ پہلے بھائی پاکستان کے خلاف باتیں کرتا تھا، اب بہنوں نے یہ کام شروع کر دیا۔ ان لوگوں میں نہ تو عقل ہے اور نہ ہی ان کی زبان قابو میں ہے۔