چئیرمین پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کے متنازع بیان کی مخالفت کردی

ہماری دوٹوک پالیسی ہے کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں، اس معاملے پر سیاست نہیں ہوسکتی، بیرسٹرگوہر خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 19 جولائی 2026 00:22

چئیرمین پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کے متنازع بیان کی مخالفت کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 جولائی 2026ء ) چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مولانا فضل الرحمان کے متنازع بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے معاملے پر سیاست نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری دو ٹوک پالیسی ہے کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں، شہدا کے معاملے پر سیاست نہیں ہوسکتی۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد ناگزیر ہے۔

امن وامان کی صورتحال پرپوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے، آزاد کشمیر انتخابات بائیکاٹ کے خاتمے کے لیے تجویز زیرغور ہے، پارلیمانی پارٹی کے سامنے معاملہ رکھیں گے۔ مزید برآں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمٰن کے شہداء سے متعلق بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور خیبر پختونخوا کے عوام اس قومی جدوجہد میں اپنی افواج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو باڑہ گیٹ پشاور میں پاکستان ہلالِ احمر خیبر پختونخوا کے بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) میں مردانہ او پی ڈی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے او پی ڈی کا افتتاح کیا۔