گورنر سندھ سے مختلف سیاسی رہنماؤں کی ملاقات، شہری مسائل، تنظیمی امور اور عوامی فلاح پر تبادلہ خیال

بدھ 22 جولائی 2026 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) گورنر سندھ نہال ہاشمی سے گورنر ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع ملیر کے صدر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پارلیمانی لیڈر محمد فیروز خان کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان تحریک انصاف کے یوسی چیئرمین طاہر پرویز قریشی ایڈوکیٹ، اسد امان اور صلاح الدین بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران کراچی کو درپیش شہری مسائل، بلدیاتی امور، تنظیمی سرگرمیوں، کارکنوں کو درپیش مشکلات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اور حکومت شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام، نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے مثال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدائ اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی اور ان کی خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔

نہال ہاشمی نے وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاق کی کاوشیں جاری ہیں اور حکومت ملک کی ترقی، امن و استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات میں شریک وفد نے گورنر سندھ کو اپنے علاقوں کے شہری مسائل، بلدیاتی امور اور کارکنوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، جبکہ مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل، تنظیمی رابطوں کے فروغ اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون اور مؤثر رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔