اسلامی ممالک کا یکجاہونا امت مسلمہ کیلئے خوش آئندامر،ملک سجاد

مشترکہ کوششوں سے مسلم امہ کو اتحاد ویکجہتی کامضبوط پیغام ملا ہے، خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مسلم لیگی رہنما

اتوار 9 اگست 2026 18:30

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2026ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے سنیئر رہنما وسابق یوسی چیئرمین ملک سجاد نے پاکستان ،سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کی تاریخ میں ایک اہم اور فیصلہ کن پیشرفت قراردیا اور کہاکہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی تعاون مسلم دنیا کے اتحاد، اجتماعی سلامتی اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے، تین برادر اسلامی ممالک کا ایک مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت یکجاہوناپوری امت مسلمہ کیلئے باعث اطمینان اور خوش آئند امر ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ،ترک صدر رجب طیب اردوان اور سپہ سالارفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مسلم دنیا کے اتحاد اور اجتماعی سلامتی کیلئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان رہنمائوں کی مشترکہ کوششوں سے مسلم امہ کو اتحاد ویکجہتی کا مضبوط پیغام ملا ہے، مسلم دنیا اپنے مشترکہ مفادات ،سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہے ،مکہ مکرمہ کی چھائوں تلے پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ جیسی بڑی معاشی، عسکری اور سیاسی قوتوں کا یکجاہونا اسلامی دنیا کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ملک سجاد نے مزید کہاکہ پاکستان کی متوازن اور ذمہ دارانہ خارجہ پالیسی قابل تحسین ہے، پاکستان کو سعودی عرب،ترکیہ ،قطر اور دیگر برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بناتے ہوئے امت مسلمہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے موثر کردار ادا کرناچاہئیے،اسلامی ممالک کا باہمی اتحاد ،مشترکہ حکمت عملی اور ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام ہی خطے کو درپیش چیلنجز کا بہتر مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔