مقدس سرزمین پر مشترکہ دفاعی معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد کی نوید ہے، رانا ثنا اللہ

تاریخی کارنامے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور کوششیں اور محنت شامل ہیں، مشیر وزیر اعظم

اتوار 9 اگست 2026 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2026ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مقدس سرزمین پر سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کی صورت میں ایک تاریخی دستاویز وجود میں آئی ہے، جو مسلم امہ کے اتحاد کی نوید ہے۔اتوار کو پاکستان،ترکیہ اور سعودی عرب مکہ مشترکہ معاہدہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئیانہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدے پر سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف مبارکباد اور پوری قوم سمیت مسلم امہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

یہ ایک تاریخی لمحہ اور ایسی دستاویز ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس تاریخی کارنامے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور کوششیں اور محنت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے مسلم امہ کے اتحاد کی بنیاد رکھی گئی ہے، جو صرف دفاع تک محدود نہیں رہے گی بلکہ تجارت اور باہمی تعاون کے تمام شعبوں تک پھیلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک کیدرمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت اور ملکی حالات میں نمایاں بہتری آئے گی، مشکلات کم ہوں گی، عام آدمی خوشحال ہوگا اور پاکستان ترقی کرے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہر پاکستانی کو دنیا بھر میں پاکستان کو ملنے والی عزت کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور عوام کی مالی مشکلات میں بھی ان شا اللہ آسانی پیدا ہوگی۔