27ستمبر لانگ مارچ کال پر پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے

بانی کی صحت سے زیادہ اس وقت کوئی بات اہم نہیں، جو سلسلہ ہم شروع کرنے جا رہے ہیں وہ رکے گا نہیں، سلمان اکرم راجہ

پیر 10 اگست 2026 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) پاکستان تحریک انصاف میں 27 ستمبر کی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم رہنماوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وسط اگست کے بجائے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال کسی خفیہ ڈیل کے نتیجے میں دی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سہیل آفریدی نے پارٹی رہنمائوں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔انہوں نے الزام لگانے والے پی ٹی آئی دور کے سابق معاون خصوصی شہباز گل کے بارے میں کہا کہ وہ بہت جلد مجھ سے معافی مانگیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ لانگ مارچ کے معاملے پر بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان کو راضی کرلیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سہیل آفریدی نے سلمان اکرم راجا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ حکومت کے خلاف مزاحمت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات کے لیے کہیں شنوائی نہیں ہورہی ہے، بانی کی فیملی اور وکلا گارنٹی دیتے ہیں کہ ملاقات پر پریس کانفرنس نہیں کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی کی صحت سے زیادہ اس وقت کوئی بات اہم نہیں، جو سلسلہ ہم شروع کرنے جا رہے ہیں وہ رکے گا نہیں۔سلمان اکرم راجا اسلام آباد ہائی کورٹ نہ پہنچنے پر پارٹی ارکین پر بھی برہم ہوئے اور کہا کہ جو لوگ نہیں آئے ان کے نام سامنے لائیں گے، 5 اگست کو بھی جو لوگ سامنے نہیں آئے ان کا پتا ہے۔پی ٹی آئی کے اس موقع پر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر قیدی وینز اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پہنچی جبکہ پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔