قائداعظم کے جمہوری و فلاحی پاکستان میں پارلیمانی نظام کا مضبوط ہونا لازم ہے، نیربخاری

جمعہ 14 اگست 2026 22:16

قائداعظم کے جمہوری و فلاحی پاکستان میں پارلیمانی نظام کا مضبوط ہونا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے تمام رہنماؤں و کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ قائداعظم اور ان کے رفقائے کار کی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

آزاد وطن پاکستان قائداعظم کا قوم پر عظیم احسان ہے اور قوم ہمیشہ بانیانِ پاکستان کی مشکور و ممنون رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی دستور ساز اسمبلی میں برداشت، رواداری اور عدمِ تشدد کے حوالے سے تاریخی تقریر آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ قائداعظم نے پارلیمنٹ کو جمہور کے نمائندگان کا مرکز و محور بنایا، قائداعظم کے جمہوری و فلاحی پاکستان میں پارلیمانی نظام کا مضبوط ہونا لازم ہے۔

(جاری ہے)

نیر بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور ’’پارلیمنٹ کو عزت دو‘‘ کے مشن پر کاربند رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیانِ مرصوص کی کامیابی نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے اور قوم کو سبز ہلالی پرچم تلے یکجا کیا۔ پاک فوج کے بہادر، نڈر اور جرا ت مند جوانوں کے عزم و حوصلے نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔

سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ زبردستی نظریات مسلط کرنے والوں کی راہ روکنا ہی قائداعظم کے مشن کی تکمیل ہے۔نیر بخاری نے کہا کہ آج آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی توقیر یقینی بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائداعظم کے پاکستان کو حقیقی، جمہوری، ترقی پسند اور فلاحی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے ایک بار پھر قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد وطن پاکستان قائداعظم کا احسانِ عظیم ہے اور قوم ہمیشہ بانیانِ پاکستان کی مشکور و ممنون رہے گی۔