قائداعظم کا پاکستان مساوی حقوق، قانون کی حکمرانی اور رواداری کی ریاست تھا، نفیسہ شاہ

جمعہ 14 اگست 2026 22:10

قائداعظم کا پاکستان مساوی حقوق، قانون کی حکمرانی اور رواداری کی ریاست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست 1947ئ کی تاریخی کامیابی برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان کا قیام محض ایک سیاسی واقعہ نہیں بلکہ ایک نظریے، خواب اور تہذیب کے تحفظ کی علامت تھا۔

قائداعظم محمد علی جناح کی سوچ، قیادت اور غیرمتزلزل عزم نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا، جبکہ علامہ محمد اقبال? کے فلسفے نے قوم کو خودی، خود انحصاری اور اجتماعی مقصد کا شعور عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قومیں قربانیوں، اتحاد اور مستقل مزاجی سے تعمیر ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کا سبز و سفید پرچم ہماری شناخت ہے، سبز رنگ ترقی و خوشحالی جبکہ سفید رنگ امن اور رواداری کی علامت ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک ایسا پاکستان بنانا چاہتے تھے جہاں ہر مذہب، نسل اور شہری کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔ یومِ آزادی پر مسلح افواج اور ان تمام شہدائ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک خودمختار ریاست کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے کہ آئین، قانون کی حکمرانی اور اداروں کے احترام کو یقینی بنائیں۔

معاشی ترقی، تکنیکی جدت اور انسانی وسائل کی ترقی ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک مستحکم پاکستان استوار ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، تعلیم، ہنر اور دیانتداری کے ذریعے وہ پاکستان کا روشن مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔ ہر صوبہ، زبان اور برادری پاکستان کی مجموعی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی نمائندگی، جمہوریت اور سماجی انصاف کے اصولوں پر چلتے ہوئے ملک کی تعمیر میں کردار ادا کیا ہے۔

1973ئ کے متفقہ آئین سے لے کر آج تک پیپلز پارٹی نے وفاقی وحدت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے نے عوام کو اپنے حقوق اور قومی خودمختاری کے شعور سے آگاہ کیا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بہادری نے نوجوانوں کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی قیادت نے پاکستان کو فلاحی، جمہوری اور روادار ریاست بنانے کا وڑن دیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم? کے 11 اگست 1947ئ کے خطاب کی روشنی میں ریاست تمام شہریوں کو مذہب، نسل اور عقیدے سے بالاتر ہوکر مساوی حقوق فراہم کرنے کی پابند ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی اور ہر شہری کے لیے مساوی مواقع کی ضمانت پر یقین رکھتی ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ذمہ دار قوم ہونے کے ناطے عالمی برادری میں امن، تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد کو ترجیح دینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شہدائ نے پاکستان اور ملک میں جمہوریت کی خاطر لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔