نئی دہلی میں پاکستان کا 80واں یوم آزادی شایان شان انداز میں منایا گیا

جمعہ 14 اگست 2026 19:15

نئی دہلی میں پاکستان کا 80واں یوم آزادی شایان شان انداز میں منایا گیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2026ء) پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 80واں یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ چانسری لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے یومِ آزادی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔اپنے خطاب میں ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی فتح ہی نہیں بلکہ علیحدہ وطن کے حصول کے لیے ان کے مقدر کی تکمیل بھی تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

پاکستان کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیا میں استحکام کا باعث ہے، جبکہ معرکہ? حق پاکستان کی خودمختاری، عوام کے وقار اور بقا کے تحفظ کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ آزادی خداوندِ کریم کا انمول تحفہ ہے اور نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اس احساس کی گہرائی مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدائ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی دفاع میں پاک مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے ہو کر گزرتی ہے۔

پاکستان حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔سعد احمد وڑائچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، سربلند اور سرسبز ہلالی پرچم یونہی فضاؤں میں لہراتا رہے گا اور دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی گواہ بنتی رہے گی۔ !تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کیں، جن میں قیامِ پاکستان کے لیے کی جانے والی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر جشنِ آزادی کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔بعد ازاں سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، وڑن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش رواں سال بانی? پاکستان کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ہے۔