عمران خان کو اندھیری رات میں جعلی طریقے سے ہسپتال لاکر سپریم کورٹ کے حکم کے ساتھ فراڈ کیا گیا

عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا عدلیہ اور ججز کی توہین ہے، عوام انصاف کیلئے عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 اگست 2026 19:21

عمران خان کو اندھیری رات میں جعلی طریقے سے ہسپتال لاکر سپریم کورٹ کے ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 28 اگست 2026ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کو اندھیری رات میں جعلی طریقے سے ہسپتال لاکر سپریم کورٹ کے حکم کے ساتھ فراڈ کیا گیا۔ انہوں نے 57ویں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کا بہن اور ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج کا حکم دیا تھا، وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر فراڈ کیا، عمران خان کو رات کے اندھیرے میں جعلی طریقے سے ہسپتال لایا گیا، خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کی صحت کے حوالے سے انتہائی تشویش کا اظہار کرتی ہے، خیبرپختونخوا حکومت عدالتوں سے عمران خان کے حوالے سے جاری احکامات پر من و عن عملدرآمد کا مطالبہ کرتی ہے، وفاقی حکومت کی نگرانی میں عمران خان کی صحت خراب ہوئی ہے، عمران خان کو جب ناحق گرفتار کیا جا رہا تھا تو وہ مکمل صحت مند اور سپر فٹ تھے، عمران خان کو آٹھ، نو ماہ سے مسلسل قیدِ تنہائی میں رکھا گیا، پاکستان کی تاریخ میں ایسا رویہ کبھی نہیں دیکھا گیا، عمران خان کی صحت کے مسائل بھی اسی رویے کا نتیجہ ہیں، عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا عدلیہ اور ججز کی توہین ہے، تمام پاکستانی عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، پوری قوم کی نظریں عدالتوں کی طرف ہیں، عدالتوں نے انصاف کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہماری بہنوں کے لیے ای وی بائیکس اسکیم لا رہے ہیں، کالجز، یونیورسٹیز کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو خیبرپختونخوا حکومت ای وی بائیکس فراہم کرے گی، خواتین کے لیے ای وی بائیکس اسکیم کا پہلا فیز جلد شروع ہوگا، بائیکس خالصتاً میرٹ پر فراہم کی جائیں گی، ای وی بائیکس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت ای وی رکشوں کی اسکیم بھی لائے گی، ای وی رکشے کلین اور گرین انوائرمنٹ کے لیے بہترین اقدام ہوں گے، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں الیکٹرک بسز کی اسکیم پر کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے، وزیراعلیٰ کا اے ڈی پی میں شامل عوامی مفاد کی تمام اسکیموں پر کام تیز کرنے کی ہدایت، بیوروکریٹک رکاوٹوں اور سیاسی غفلت سے بالاتر ہو کر آؤٹ آف دی باکس جانا ہے، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ بہترین کام کر رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ رواں مالی سال خیبرپختونخوا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔