چیف جسٹس کی سربراہی میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ، متعدد قوانین میں ترامیم کی سفارشات

اتوار 15 جون 2014 08:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جون۔2014ء)چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ، اجلاس میں متعدد قوانین میں ترامیم کی سفارشات کی گئیں ،سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبائی ہائی کورٹس اور وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس صاحبان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی اجلاس میں سول اور فوجدار مختلف قوانین میں تبدیلی کی سفارشات کی گئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سفارش کی گئی کہ ضابطہ فوجداری میں نئی شق شامل کی جائے جس کے تحت پولیس کسی کو تشدد کا نشانہ نہ بنا سکے جس سے کسی کی موت واقع ہو یا زخمی ہو۔ کسی بھی شخص کو بغیر ٹھوس وجوہات کے گرفتار نہ کیا جائے۔ اجلاس میں سفارش کی گئی کہ مسلم فیملی لا آرڈینینس میں تبدیلی کی جائے کہ اگر بوڑھے والدین اپنا خرچ نہ اٹھا سکیں تو اولاد کو پابند کیا جائے کہ وہ والدین کا خرچ اٹھائے۔ مہلک حادثات کے حوالے سے قانون سازی کی جائے کہ حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو مناسب امدادی رقم دی جائے اور ایسے مقدمات کا فیصلہ چھ ماہ میں کیا جائے۔ اجلاس میں سفارش کی گئی کہ جہیز اور دیگر تحائف کی فہرست بھی نکاح نامے میں درج کرنے کے حوالے سے قانون سازی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :