قومی اسمبلی‘ لیگی اراکین کی تحریک انصاف ‘ پیپلزپارٹی کے بعد طاہر القادری پر شدید تنقید ، ایک قادری‘ پادری سے نہیں ڈرتے جو جمہوریت کی جانب میلی آنکھ سے دیکھے گا اسکی آنکھیں نکال دیں گے‘ نثار احمد جٹ

اتوار 15 جون 2014 08:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جون۔2014ء) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے اراکین کی تحریک انصاف ‘ پیپلزپارٹی کے بعد طاہر القادری پر شدید تنقید ‘ نثار احمد جٹ نے کہا کہ ایک قادری‘ پادری سے نہیں ڈرتے جو جمہوریت کی جانب میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی میلی آنکھیں نکال دیں گے‘ قادری کو روکیں ورنہ یہ جمہوریت کے ساتھ ساتھ فرقہ واریت کے بڑھاوے کا باعث بنے گا۔

قادری ملک کا بڑا فسادیہ ہے‘ ایک جماعت نے اپنے لوگوں کو ڈانس پارٹیوں میں الجھا دیا اور ہمارا ماٹو صرف کام کام اور کام ہے‘ ہفتہ کے روز بجٹ بحث کے دوران مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نثار احمد جٹ نے پیپلزپارٹی ‘ تحریک انصاف کے بعد تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک قادری پادری سے نہیں ڈرتے جو بھی جمہوریت کی جانب میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس شخص کو روکا جائے کیونکہ یہ نہ صرف جمہوریت کیلئے خطرہ ہے بلکہ قادری کی وجہ سے ملک میں فرقہ واریت کی ایسی آگ بھڑکے گی جس کو روکنا بھی مشکل ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ قادری اصلاحات کیلئے نہیں فساد کیلئے آرہا ہے ۔ انہوں نے تحریک انصاف کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک جماعت نے اپنے لوگوں کو ڈانس پارٹیوں میں مشغول کردیا ہے مگر ہماری قیادت نے کام پر لگا دیا ہے اور قائد اعظم کے فرمان کے مطابق کام کام اور صرف کام کررہے ہیں۔