ملک کو دفاعی آلات میں خود کفیل بنانا اولین ترجیح ہے ، نریند مودی ،کسی کو دھمکی نہیں دیتے مگر کسی کے آگے گھٹنے بھی نہیں ٹیک سکتے ، ہم کب تک دفاعی آلات درآمد کرتے رہیں ، وہ دن کب آئے گا جب ہم دفاعی سازوسامان برآمد کرینگے ، بھارتی وزیراعظم کا تقریب سے خطاب ،روس کی طرف سے بھارت کو 44500ٹن وزنی آئی این ایس وکراما تتیا کیریئر حوالے کردیا گیا ،نیا طیارہ جہاز بردار 284میٹر لمبا ہے جس پر تیس جہاز رکھے جاسکتے ہیں

اتوار 15 جون 2014 08:17

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جون۔2014ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کو دفاعی آلات میں خود کفیل بنانا اولین ترجیح ہے ، ہم کسی کو دھمکی نہیں دیتے مگر کسی کے آگے گھٹنے بھی نہیں ٹیکے گئے ، ہم کب تک دفاعی آلات درآمد کرتے رہیں بلکہ ہمیں دوسرے ملکوں کو دفاعی سازوسامان برآمد کرنا چاہیے ، روس کی طرف سے ملنے والے طیارہ بردار جہاز حوالے کرنے کی تقریب کے موقع پر بھارت کے بدنام انتہا پسند وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی دفاعی صلاحیتوں کے حوالے سے خود کفالت حاصل کرنا ہوگی ۔

بھارت کو چاہیے کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنی اولین ترجیح سمجھے یہ ہمارے لئے بہت اہم ہے تاکہ ہماری بحریہ مستقبل میں المناک حادثات سے بچ سکے ۔مودی نے کہا کہ آخر ہم کب تک دفاعی سازوسامان درآمد کرتے رہیں گے ہمیں خود کفالت حاصل کرنی چاہیے آخر ہم کب دوسرے ملکوں کو دفاعی سازوسامان برآمد کرنے والے بنیں گے ۔

(جاری ہے)

جدید ٹیکنالوجی کا حصول انتہائی اہم ہے اور یہ ملک کی صحیح معنوں میں خدمت ہوگی ۔

اس موقع پر روس کی طرف سے بھارت کو 44500ٹن وزنی آئی این ایس وکراما تتیا کیریئر حوالے کیا گیا روس بھارت کو ہتھیار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے یہ اپنے سلسلے کا دوسرا طیارہ بردار جہاز ہے جو روس کی طرف سے دیا گیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع ہماری اولین ترجیحات ہیں ہم دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا چاہتے ہیں کسی کو ڈرانے کی خواہش نہیں لیکن کسی کے آگے جھکنا بھی قبول نہیں ۔

یہ نیا طیارہ جہاز بردار 284میٹر لمبا ہے جس پر تیس جہاز رکھے جاسکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ بھارت میں بحری جہاز کے حادثات ایک معمول بن چکے ہیں گزشتہ سال بھی ایک مکمل اسلحہ بردار سب میرین تباہ ہونے سے اٹھارہ سیلرز ہلاک ہوگئے تھے جس کے چھ ماہ بعد ایک اور بحری آبدوز کو ممبئی کے ساحل پر حادثہ پیش آیا جس میں دو سیلرز مارے گئے تھے ۔