یوکرین،روسی نواز باغیوں نے دو لڑاکا طیارے مار گرادئیے ، تباہ شدہ طیاروں کے پائلٹوں کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی

جمعرات 24 جولائی 2014 08:30

کیف (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)یوکرین میں روس کے حامی باغیوں نے بدھ کے روز یوکرین کی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں کو اسی علاقے میں مار گرایا ہے جہاں گذشتہ ہفتے ملائیشیا کی فضائی کمپنی کا مسافربردار طیارہ تباہ ہو گیا تھا اور جس میں 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے یوکرین کی فوج کے ملٹری آپریشن کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں لڑاکا طیاروں کو شکترسکائی کے علاقے میں سیور موگیلا کے قبرستان کے قریب مار گرایا گیا۔

اسی جگہ جنگ عظیم دوم کی ایک یادگار قائم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان لڑاکا طیاروں کے ہوا بازوں کے بارے میں علم نہیں ہو سکا۔یوکرین کے مشرقی شہر دونیتسک میں باغیوں کے کمانڈر ایگور سٹرلکوف نے کہا کہ علیحدگی پسند باغیوں نے ایک طیارے کو مار گرایا اور پائلٹ طیارے سے چھلانگ لگانے میں کامیاب ہو گیا مگر انھوں نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

(جاری ہے)

ڈونیتسک اور لوہانسک کے قریب باغیوں اور یوکرین کی فوج میں شدید لڑائی ہوئی۔ یوکرین کی فوج نے اردگرد کے دیہات اور علاقے خالی کراتے ہوئے باغیوں کو اس علاقے میں دھکیل دیا ہے۔قبل ازیں منگل کو یوکرین کی فوج نے کہا تھا کہ باغی اپنے ٹھکانے چھوڑ کر دونیتسک کے مرکزی علاقوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔شہر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ باغی جنھوں نے اپریل میں روسی زبان بولے جانے والے علاقوں میں کیئف سے آزادی کے لیے لڑائی شروع کی تھی دونیتسک کی یونیورسٹی کے باہر مورچے بنا رہے ہیں اور یونیورسٹی کے ہاسٹلوں میں رہائش پذیر ہیں۔

دونیتسک کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شہر کے ایک کیمیکل پلانٹ پر بھی بم گرا ہے۔طبی عملے کے مطابق کیف میں کشیدگی کے شروع ہونے سے اب تک اس علاقے میں 432 افراد ہلاک اور 1015 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔