وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف توہین عدالت درخواست،معاملہ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہونے کے باعث سپریم کورٹ سے خارج

جمعرات 24 جولائی 2014 08:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء) سپریم کورٹ نے وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کیخلاف دائر توہین عدالت کیس ہائیکورٹ میں زیرالتواء ہونے کے باعث ان کیخلاف درخواست خارج کردی۔ یہ حکم جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بدھ کے روز جاری کیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بلال نامی سرکاری افسر کی ترقی‘ انکوائری و دیگر معاملات بارے ضروری ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ درخواست گزار پہلے ہی عدالت عالیہ لاہور سے آرٹیکل 199 کے تحت رجوع کرچکے ہیں اور معاملہ ابھی بھی زیر سماعت ہے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ انیتا تراب کیس کی رو سے وزیراعلی پنجاب نے جو فیصلہ کیا وہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے اس پر عدالت نے کہا کہ ابھی تو آپ کا معاملہ ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے اس کا تو فیصلہ ہولینے دیں، بعد میں دیکھا جائے گا۔ بعدازاں عدالت نے درخواست خارج کردی۔