جرمنی میں انتہائی بیمار افراد کو بھنگ اْگانے کی اجازت دے دی گئی ،یہ چھْوٹ انتہائی بیمار لوگوں کے لیے ہے جن کے لیے بھنگ آخری علاج ہے، ہر کو ئی اسے آزا دی کا پروانہ نہ سمجھے‘ عدا لتی حکم

جمعرات 24 جولائی 2014 08:33

بر لن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)جرمنی میں ایک عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ دیرینہ درد کے امراض کے شکار افراد طبی استعمال کے لیے بھنگ اْگا سکتے ہیں۔ عدالت نے یہ فیصلہ پانچ مریضوں کی جانب سے دائر ایک مقدمہ نمٹاتے ہوئے سنایا ہے۔جرمنی کے وفاقی ادارہ برائے ادویات و طبی آلات (بی ایف اے آر ایم) نے ان مریضوں کی جانب سے گھروں پر بھنگ کاشت کرنے کی اجازت لینے کے لیے دائر درخواستیں ردّ کر دی تھیں۔

اس کے ردِ عمل میں ان لوگوں نے جرمن شہر کولون کی ایک انتظامی عدالت سے رجوع کیا تھا۔عدالت نے کہا ہے کہ بی ایف اے آر ایم کو تین لوگوں کی درخواستوں پر پھر سے غور کرنا ہو گا۔عدالت نے کہا ہے کہ تین درخواست گزار بھنگ اْگانے کی شرائط پر پورے اترتے ہیں کیونکہ یہ بات ’کافی حد تک یقینی‘ ہے کہ ان کے اْگائے ہوئے پودوں تک کسی اور کو رسائی نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

عدالتی ترجمان اشٹیفنی زائفیرٹ کا کہنا تھا: ”اب تک گھروں پر بھنگ اْگانا غیرقانونی رہا ہے تاہم ان انتہائی بیمار لوگوں کو ایسا کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ عدالتی فیصلہ ہر کسی کو بھنگ کی کاشت کی اجازت نہیں دیتا۔ زائفیرٹ نے اس حوالے سے کہا: ”یہ ہر کسی کے لیے آزادی کا پروانہ نہیں ہے کہ وہ گھروں پر بھنگ اْگانا شروع کر دیں۔

یہ چھْوٹ انتہائی بیمار لوگوں کے لیے ہے جن کے لیے بھنگ آخری علاج ہے۔“عدالت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بھنگ اْگانے کی اجازت انفرادی حالات دیکھتے ہوئے ہی دی جا سکتی ہے۔ اے ایف اے آر ایم کو عدالت کے اس فیصلے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔یہ امر اہم ہے کہ درخواست گزاروں کو طبی مقاصد کے لیے بھنگ خریدنے اور استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ اس کے باوجود وہ اسے خود اْگانا چاہتے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ وہ بھنگ کے اخراجات نہیں اٹھا سکتے جبکہ ان کی ہیلتھ انشورنس کمپنیاں بھی اس کے لیے ادائیگی نہیں کرتیں۔

متعلقہ عنوان :