14اگست کو عمران خان کا لانگ مارچ روکنے کیلئے دائر درخواست کی سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک ملتوی

جمعرات 24 جولائی 2014 08:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے 14اگست کو عمران خان کا لانگ مارچ روکنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کر لئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گزار محمد کامران نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی ہونے کے باوجود اپنے ہاتھوں سے جمہوریت کو ثبوتاڑ کرنا چاہتے ہیں جو عوامی نمائندگی ایکٹ اور آئین پاکستان کے تحت شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وسیع تر قومی مفاد میں عمران خان کے لانگ مارچ کو روکنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے درخواست کی سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو پٹیشن کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا۔