ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ شدت اختیار کر گئی، شہروں میں 16 جبکہ دیہات میں 18 سے 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری، شہبازشریف کا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا نوٹس، وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی سے ٹیلیفونک رابطہ،وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی کی وزیراعلیٰ کو صورتحال پر جلد سے جلد قابو پانے کی یقین دہانی

جمعرات 24 جولائی 2014 08:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ شدت اختیار کر گئی، شہروں میں 16 جبکہ دیہات میں 18 سے 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔روزے کی حالت میں گرمی سے بے حال عوام لوڈ شیڈنگ کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں‘لاہور میں دروغہ والا جی ٹی روڈ پر عوام کی بڑی تعداد نے سڑک کو بلاک کر کے شدید احتجاج کیا،مظاہرین نے لیسکو کے کمپلین سینٹر میں بھی توڑ پھوڑ کی، سینٹر کے عملے نے بھاگ کر جان بچائی،مظاہرین نے کمپیوٹر اور دیگر سامان توڑ ڈالا جبکہ ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا۔

احتجاج کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی لیکن مظاہرین نے لیسکو کی یقین دہانی تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا۔مظاہرین نے راستے میں آنے والی ایک گاڑی کے بھی شیشے توڑ دیئے۔

(جاری ہے)

حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران افطاری ، سحری اور تراویح کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی لیکن تینوں اوقات میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے‘ باٹا پور میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے لیسکو آفس پر دھاوا بول دیا،

مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، باٹا پور لاہور کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مظاہرین بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، ڈنڈا بردار مظاہرین نے لیسکو آفس پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی۔

مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے،جنہوں نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے ٹائر نذرآتش کرکے ٹریفک بلاک کردی اور ایک گاڑی کے شیشے توڑدیئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچے،بڑے سبھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نڈھال ہیں لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ادھروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے باٹا پور لاہور اور ملتان کے بعض علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی سے فوری طو رپر ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے فوری تدارک کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کے ذریعے صورتحال پر قابو پایا جائے۔ وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ صورتحال پر جلد سے جلد قابو پا لیا جائے گا۔