وزیراعلیٰ شہبازشریف کی عیدالفطر کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت،بازاروں اور مارکیٹوں میں اضافی فورس تعینات کی جائے، عید کے اجتماعات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، پولیس حکام خود فیلڈ میں موجود رہیں،اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، ،وزیراعلیٰ کا امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب

منگل 29 جولائی 2014 06:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاپنگ سنٹرز، پلازوں اور مارکیٹوں میں اضافی فورس تعینات کی جائے اور مساجد، امام بارگاہوں اور عید کے اجتماعات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وہ یہاں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور عیدالفطر کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے امن و امان کی صورتحال اور عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 42 ہزار اہلکاروں کو عید کے موقع پر سکیورٹی کے فرائض کی ادائیگی پر مامور کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرتب کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ پولیس حکام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران پوری طرح چوکس رہیں اور آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔

عید اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر صورت فول پروف ہونا چاہیئے کیونکہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ اجلاس کے دوران واقعہ گوجرانوالہ کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر پولیس اور انتظامیہ موقع پر صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے بروقت اقدامات اٹھاتی تو یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد، ایم این اے حمزہ شہباز، معاون خصوصی رانا مقبول، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔