کراچی،شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت تین افراد جاں بحق

منگل 29 جولائی 2014 06:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جولائی۔2014ء)شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی توسیع سیکٹر 15-Aمیں بنگلہ بازار کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 32سالہ صلاح الدین لد نور الاسلام جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول اسی علاقے کا رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا، واردات کے وقت پیر کو علی الصبح وہ نماز فجر کی ادائگی کے بعد مسجد سے گھر کی طرف آرہا تھا کہ راستے میں گھر کے قریب ہی دہشت گردوں نے اسے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے، پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر سائٹ اے سیکشن تھانے کی حدود تھانے کی حدود بنارس چوک ملنگ ہوٹل کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 40سالہ ساجد ولد غلام موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ راہگیر رکشہ ڈرائیور پرویز ولد عبدالرشید زخمی ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق مقتول ساجد کے الیکٹرک کا سابق ملازم تھا اور اس نے کے لیکٹرک کے خلاف ایک کیس بھی کر رکھا ہے جو کہ زیر سماعت ہے جبکہ وہ ایک دوا ساز کمپنی میں بطور سکیورٹی گارڈ ملزم تھا۔ وہ جائے وقوع کے قریب واقع خیبر ہوٹل کے اوپر قائم کمروں میں سے ایک کمرے میں گزشتہ ایک برس سے تنہا رہائش پزیر تھا اور اسکا آبائی تعلق چکوال سے ہے۔

پولیس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب ڈھائی بجے کے قریب وہ سحری کرنے کی غرض سے اپنے کمرے سے نکل کر نیچے آیا تھا اور واردات کے وقت وہ قریب واقع ملنگ ہوٹل کے قریب کھڑا تھا کہ ملزمان نے اس پر جان لیوا حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں 5گولیاں اسے لگی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر ایک رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا، پولیس کو شبہ ہے کہ واردات کسی زاتی رنجش کا شاخسانہ ہے، مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں کورنگی سیکٹر 32-Aگلی نمبر چار، گلزار مسجد کے قریب آر ایریا پولیس چوکی کے عقب میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر بیوی بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے 38سالہ یاسین ولد الہ ؤالدین شدید زخمی ہوگیا، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، زخمی کو فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا، مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایس ایچ او کورنگی امین مری نے بتایا کہ مقتول زری کا کام کرتا اور 5بچوں کا باپ تھا، مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تعداد دو تھی جن میں سے ایک ملزم گھر کے باہر کھڑا تھا جبکہ دوسرے ملزم نے گھر میں گھس کر یاسین کو نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واردات کسی زاتی رنجش کا شاخسانہ ہے اور مقتول کے لواحوقین نے کہا ہے کہ وہ تدفین کے بعد نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔