جنوبی افریقہ کے سٹار آل راؤنڈر جیک کیلس انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے،نمبر ون افریقی پلیئر نے ٹیسٹ کرکٹ سے پچھلے سال کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ،کیلس جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں دس ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں،ورلڈ کپ ابھی دور ہے فارم ایسی نہیں کہ وہ عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرسکیں، کیلس

جمعہ 1 اگست 2014 04:23

جوہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء)دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز آل راونڈر اورجنوبی افریقہ کے اسٹار کرکٹر جیک کیلس نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔نمبر ون آل راونڈر نے ٹیسٹ کرکٹ سے پچھلے سال کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ، انہوں نے 2015 کا ورلڈ کپ کھیلنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن حال ہی میں سری لنکا کے دورے میں ایک روزہ میچوں میں خراب کارکردگی کے سبب کیلس نے اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جیک کیلس جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں دس ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں،

جیک کیلس کے مطابق ورلڈ کپ ابھی دور ہے اور اْن کی فارم ایسی نہیں کہ وہ عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرسکیں، کیلس نے کہا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم میں اتنے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں جو ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں، وہ ٹی ٹوئنٹی میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کرتے رہیں گے اور اگر ممکن ہوا تو آئی پی ایل میں کولکتہ کی جانب سے بھی کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

جیک کیلس نے 166 ٹیسٹ میں 13289 رنز اسکور کیے جس میں پنتالیس سنچریاں اور اٹھاون نصف سنچریاں شامل ہیں،ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے 328 مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کی، 17 سنچریاں چھیاسی نصف سنچریاں اْن کے ریکارڈ کا حصہ ہیں،جبکہ 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں انہوں نے پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 666 رنز بنائے۔

متعلقہ عنوان :