کراچی، عید کے دو دن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مختلف علاقوں میں کاروائیاں، 7ملزمان مارے گئے 3گرفتار ،5ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ

جمعہ 1 اگست 2014 05:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء)کراچی میں عید کے دو دن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مختلف علاقوں میں کاروائیاں، 7ملزمان مارے گئے 3گرفتار ،5ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس چورنگی کے قریب عید کے دوسرے روز رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان سرکاری اہلکاروں کی سیریل کلنگ تھانوں اور رینجرز پر حملے میں ملوث ہیں ۔رینجرز نے ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلو م مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔دوسری جانب سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے داؤد ریزیذیڈنسی کے قریب الرحیم بنگلوز پر چھاپہ مارا جہاں موجود دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے پولیس پر فائرنگ کردی جس پر پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرکے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق 5 سے زائد ملزمان موقع سے اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف‘ 2 ٹی ٹی پستول‘ 2 دستی بم گولیاں اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 2 دہشت گردوں کی شناخت نور عالم اور رائب اللہ کے نام سے کرلی گئی جبکہ 2 کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔قبل ازیں عید کے پہلے روز رینجرز نے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں مقابلے کے دوران 3ملزمان کو ہلاک کر دیا ۔رینجرز کے مطابق مارے گئے ملزمان کا تعلق گینگ وار سے ہے اور ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :