ڈاکٹر طاہر القادری سے شیخ رشید کی ملاقات، ملکی صورتحال و آرٹیکل 245 پر تبادلہ خیال، قوم کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہے,اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو صوبائی اسمبلیوں کا گھیراؤ کیا جائے گا، شیخ رشید

جمعہ 1 اگست 2014 04:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے گذشتہ روزپاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور حکومت کے خلاف انقلاب مارچ اور سونامی مارچ پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائدجاری رہی ۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے صدرڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری فیاض وڑائچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں آرٹیکل 245کا نفاذ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد جانے سے روکا تو صوبائی اسمبلیوں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ قوم کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری بہت جلد یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوم جب سڑکوں پر نکلے گی تو MQM ،90 پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو تین ماہ کے لیے بلانے والے نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔