کامن ویلتھ گیمز :پاکستانی ریسلر قمر عباس نے 74کلو گرام کی کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا، پاکستانی پہلوان قمر عباس نے بھارتی پہلوان سوشیل کمار سے شکست کے بعد چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا، ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 3 ہوگئی،پاکستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کا مکسڈ ڈبلز میں سفر ختم ہوگیا، پاکستان کے محمد شہزاد سخت مقابلے کے بعد لان بولز ایونٹ میں بھارتی کھلاڑی سے ہار گئے

جمعہ 1 اگست 2014 04:23

گلاسگو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء) اسکاٹ لینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ریسلر قمر عباس نے 74 کلو گرام کی کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا ہے جس کے بعد ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں 74 کلو گرام فری اسٹائل ریسلنگ کیٹیگری میں پاکستانی پہلوان قمر عباس نے بھارتی پہلوان سوشیل کمار سے شکست کے بعد چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا جس کے بعد ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

فری اسٹائل ریسنلگ کی 54 کلو گرام کیٹیگری میں بھی پاکستانی پہلوان اظہر حسین بھارتی ریسلر امیت کمار سے 4 پوائنٹ سے شکست کھا گئے۔

ادھرکامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کا مکسڈ ڈبلز میں سفر ختم ہوگیا۔

(جاری ہے)

بیڈمنٹن میں بھی دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ پاکستان کے محمد شہزاد سخت مقابلے کے بعد لان بولز ایونٹ میں بھارتی کھلاڑی سے ہار گئے۔

گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں پاکستان کی دو ٹیموں نے شرکت کی۔پہلے راونڈ میچ میں تابش خورشید اور ابیرہ شیخ پر مشتمل جوڑی نے پاپوا نیو گنی کی ٹیم کو تین صفر سے شکست تو دی لیکن دوسرے راونڈ میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فروا بابر اور محمد رمیز کی جوڑی کو مکسڈ ڈبلز کے پہلے میچ ہی میں سری لنکا نے تین ایک سے شکست دی۔

دوسری جانب لان بولز میں پاکستان کے محمد شہزاد اور بھارت کے سنیل بہادر کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ بھارتی کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد چوتھے راونڈ کا تیسرا میچ 18 کے مقابلے میں 20 پوائنتس سے جیت لیاپاکستانی ریسلرز نے بھی مایوس کن کھیل پیش کیا، پہلے عبدالوہاب کو 61 کلوگرام کے راونڈ آف 16 میچ میں نائجیریا کے ایمس ڈینئیل نے شکست دی، اس کے بعد عمیر طارق کو 97 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے لیون ریٹیگین نے تین ایک سے زیر کردیا۔

پاکستان کے عرفان سعید بھٹی اور پلوشہ بشیر کا سفر بھی بیڈمنٹن کے سنگلز مقابلوں میں ختم ہوگیا۔ راونڈ آف 32 کے میچ میں عرفان سعید بھٹی کو شمالی آئرلینڈ کے ٹونی مرفی نے دو ایک سے ہرا دیا، پلوشہ بشیر کو بھی کینیڈا کی مشیل لی کے ہاتھوں دو صفر سے شکست ہوئی۔دونوں کھلاڑی رات 9 بجے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :