برازیل:بہن بھائی کی انجانے میں شادی،7سال بعد حقیقت کا علم ہونے پر خاتون بے یقینی کے عالم اس وقت زاروقطار رونے لگی کہ اس کا شوہر ہی اس کا حقیقی بھائی ہے،تلخ حقیقت سے بے خبر جوڑے کی چھ سالہ بیٹی ہے

ہفتہ 9 اگست 2014 04:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء)شادی کے سات سال بعد خاتون بے یقینی کے عالم میں اس وقت زاروقطار رونے لگی جب اس کے سامنے یہ راز کھلا کہ اس کا شوہر ہی اس کا حقیقی بھائی ہے۔ اس تلخ حقیقت سے بے خبر جوڑے کی چھ سالہ بیٹی ہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ برازیل کے شہر ساؤپولومیں سامنے آیا۔ 39سالہ ایڈریانہ پیشے کے لحاظ سے ایک کاسمیٹک سیلز وومین ہے جب کہ اس کا شوہر37 سالہ لیانڈرو ایک ٹرک ڈرائیور ہے۔

جوڑے نے اپنا خاندانی نام ظاہر نہیں کیا۔ بچپن میں دونوں کو ان کی ماں ماریانے چھوڑدیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ایڈریانہ جب اپنی ماں سے الگ ہوئی تو اس کی عمر صرف ایک برس تھی اس کی پہلی شادی کسی دوسرے شہر میں ہوئی جہاں اس کے تین بچے ہوئے۔پہلی شادی کی ناکامی کے بعد وہ اپنے آبائی علاقے میں واپس لوٹی ہوئی جہاں اس کی ملاقات لیانڈرو سے ہوئی،

جسے اس کی ماں نے آٹھ سال کی عمر میں چھوڑدیا تھا اور وہ اپنے آبائی علاقے میں ہی رہا۔

(جاری ہے)

ایڈریانہ نے اپنے خاندان کی رضامندی سے ہی یہ شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں نے اپنے طور پر اپنی اپنی ماں کی تلاش کوجاری رکھا، ان کے تصور میں بھی یہ نہیں تھا کہ دونوں جس کیتلاش کر رہے ہیں وہ ایک ہی شخص ہے۔گزشتہ ماہ ایڈریانہ نے اس سلسلے میں مقامی ریڈیو سے رابطہ کیا اور ایک پروگرام میں دونوں ماں بیٹی کا آن ائیر رابطہ ہو گیا۔تاہم پروگرام کے آخر پر ماں نے انکشاف کیا کہ وہ ایک بیٹا بھی کھو چکی ہے جس کا نام لیانڈرو ہے۔

ایڈریانہ پر واضح ہوگیا کہ اس کا شوہر ہی اس کا حقیقی بھائی ہے۔وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور زارو قطار رونے لگی۔ انہو ں نے اپنی ماں سے کہا کہ جو کچھ آپ کہہ رہی ہے مجھے اس پر یقین نہیں آرہا۔ تاہم سچائی سامنے آنے کے بعدوہ سسکیاں لے رہی تھی کہ لیانڈرو اس کا شوہر ہے وہ اس کے بغیر نہیں رہ سکتی۔ یہ سب قدرتی امر تھا اس میں ہمارا کوئی دخل نہیں۔ میں نے یہ شادی خاندان کی رضامندی سے کی۔ اگر ہمیں اس حقیقت کا پہلے پتہ ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔