انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کے ملازمین و افسران کی چھٹیاں منسوخ، نو ٹیفیکیشن جاری

ہفتہ 9 اگست 2014 04:48

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء)انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے پیش نظر چیف کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اور انتظامی معاملات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کے ملازمین و افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ نو ٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح چیف کمشنر اسلام آباد نے آئی جی اسلام آباد کی سفارش پر اسلام آباد پولیس کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے چیف کمشنر اسلام آباد کو سفارش کی تھی کہ انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں جس پر یہ چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ اس موقع پر انتظامی معاملات سنبھالنے اور اسلام آباد پولیس کی معاونت کے پیش نظر چیف کمشنر اسلام آباد نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے ملازمین و افسران کی بھی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔