لاہور میں آج صبح سے 24 گھنٹوں کیلئے موبائل فون سروس بندرہے گی‘ذرائع، انقلاب اورآزادی مارچ کے دوران صوبے میں دفعہ 144کے نفاذکاامکان ہے‘رانا مشہود

ہفتہ 9 اگست 2014 04:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہفتہ کی صبح سے 24 گھنٹوں کیلئے موبائل فون سروس بندرہے گی،ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں بند رکھی جائے گی،ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت (ن)لیگ کے رہنماؤں کااجلاس ہوا ،جس میں یوم شہدا کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،اس موقع پر منہا ج القران کے اطراف کے گراؤنڈزخالی کرانے کا فیصلہ ہوا اورلاہور میں موبائل فون سروس جزوی طور پرمعطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیرقانون پنجاب رانامشہود خان نے کہاہے کہ انقلاب اورآزادی مارچ کے دوران صوبے میں دفعہ 144کے نفاذ، ڈبل سواری پرپابندی اورموبائل سروس بند رہنے کاامکان ہے اوراس کاحتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔ لاہورمیں تعلیمی بورڈ آفس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرقانون وتعلیم پنجاب رانامشہو د نے کہا کہ خفیہ اداروں کی طرف سے حملے کی اطلاع پر جی ٹی روڈ کے پٹرول پمپ بند کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 36کے قریب ایسے افراد گرفتار کئے گئے ہیں جن سے اسلحہ اورلاٹھیاں برآمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری آئین اورقانون کونہیں مانتے، شمالی وزیرستان میں بیٹھے افراد بھی قانون کونہیں مانتے۔

متعلقہ عنوان :