عوامی تحریک کا اپنے دو کارکنان کی ہلاکت کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے عدالت سے رجوع،عدالت نے فریقین کو نو ٹس جا ری کر دئیے ، دو روز میں تحریری جواب طلب

منگل 9 ستمبر 2014 06:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9ستمبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک نے اپنے دو کارکنان کی ہلاکت کے خلاف وزیر اعظم محمد نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے عدالت سے رجوع کر لیا۔سیشن جج اسلام آباد راجہ جواد عباس حسن نے عوامی تحریک کی درخواست پروفاق، ایس ایس پی اسلام آباد اور ایس ایچ اوتھانہ سیکرٹریٹ سے 22-Aکی درخواست پر دو روز میں تحریری جواب طلب کر تے ہوئے فریقین کو 10ستمبر کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

پیر کے روز عوامی تحریک کی طرف سے اسلام آباد ویسٹ ڈویژن کی سیشن عدالت میں ایک 22Aکی ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ 30اگست کی رات کو پولیس کی طرف سے عوامی تحریک کے پرامن مظاہرین پر پولیس کی جانب آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ، ربڑ کی گولیاں برسائی گئیں اور تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں عوامی تحریک کے دو کارکنان جاں بحق ہوئے مگر تاحال پولیس کی جانب سے مذکورہ کارکنان کے قتل کا مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مذکورہ تمام کاروائی حکومت کے احکامات پر کی گئی جس میں 700سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے جبکہ عوامی تحریک کے دو کارکنان جاں بحق ہوئے لہذا اس واقعہ کا مقدمہ مذکورہ شخصیات وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزراء چودھری نثار علی خان ، خواجہ آصف اور آئی جی اسلام آباد کے خلاف درج کیا جائے۔مذکورہ درخواست پر عدالت نے فریقین کو آج کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں جبکہ ایس ایس او تھانہ سیکرٹریٹ او ر وفاق سے دو روز میں تحریری جواب طلب کرتے سماعت ملتوی کر دی ہے۔