وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کی ملاقات، سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے:شہبازشریف، شہباز شریف نے متاثرہ لوگوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے:چوہدری محمد سرور،وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ،متاثرین کے انخلاء کیلئے کشتیاں اور ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے کی ہدایت

منگل 9 ستمبر 2014 06:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکے درمیان آج یہاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبے میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیو ں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کو وہ ذاتی طور پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ شہباز شریف نے متاثرہ لوگوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے اور انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہمیشہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف اور ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے۔ سیلاب میں گھرے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جائے۔

متاثرین کیلئے خوراک، رہائش اور پانی کی کمی نہیں آنی چاہیئے۔ مویشیوں کیلئے چارے کا بھی انتظام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب میں گھرے ہوئے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی کوآرڈی نیشن کے ساتھ ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔ ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔