عمران خان سیلاب کی وجہ سے تباہی کے پیش نظر دھرنے میں رقص و سرود ملتوی کر دیں، شہبازشریف،خواہش تھی عمران خان سے دھرنا ملتوی کر کے پنجاب میں مصیبت زدہ عوام کا ساتھ دینے کے لئے ہمراہ نکلنے کے لئے کہوں سیلاب کا عذاب جھوٹے قرآن اٹھانے اور جلسوں میں فحاشی کے نتیجے میں آیا، بزرگ کی وزیراعلیٰ سے گفتگو

منگل 9 ستمبر 2014 06:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر اسلام آباد دھرنے میں رقص وسرود اور بیہودہ گانوں کا سلسلہ ملتوی کر دیں۔ آج چنیوٹ کے نواحی علاقے میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں عمران خان سے کہوں کہ وہ دھرنا ملتوی کر کے پنجاب میں مصیبت زدہ عوام کا ساتھ دینے کے لئے میرے ہمراہ نکلیں۔

لیکن میں نے سوچا کہ یہ اپیل بے فائدہ ہے۔ کیونکہ جو سیاستدان اپنی پارٹی کے ایک صوبائی وزیراعلیٰ کو دھرنا چھوڑ کر صوبے کے دارالحکومت میں شدیدبارشوں کا شکار ہونے والے خاندانوں کے دکھ درد میں شریک ہونے کی اجازت نہیں دیتا‘ اس سے ایسی توقع بے سود ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مجمعے میں موجود سیلاب سے متاثر ہونے والے ایک ضعیف شخص کی باتوں کے جواب میں کیا جس کا کہنا تھا کہ سیلاب کا یہ عذاب طاہرالقادری کے جھوٹے قرآن اٹھانے اور تحریک انصاف کے جلسے میں ہونے والی فحاشی کے نتیجے میں آیا ہے۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ میں اس بزرگ کے موقف سے مکمل اتفاق تو نہیں کرتا مگر ذاتی طور پر عام اجتماعات میں اس طرح کے ناچ گانے مجھے پسند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دھرنے میں حاضری کی مزید کمی کا خیال نہ کریں اور میری درخواست پر ٹھنڈے دل سے غور کریں۔