نواز شریف منتخب وزیر اعظم ان سے کسی کا باپ بھی استعفیٰ نہیں لے سکتا، اسفند یار ولی ،کیسا نیا پاکستان ہے کہ آئی ڈی پیز سڑکوں پر ہیں ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ ناچ گانے میں مصروف ہیں،خدا کے لئے دھرنوں میں ناچ گانے بند کئے جائیں،فوج کو دعوت دینے والے ملک کے بڑے دشمن ہیں آپریشن ضرب عضب منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے،چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

منگل 9 ستمبر 2014 06:07

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9ستمبر۔2014ء)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں ۔وزیر اعظم سے کسی کا باپ استعفیٰ نہیں لے سکتا،1973کے آئین کا ہر صورت میں دفاع کریں گے ۔کیسا نیا پاکستان ہے کہ آئی ڈی پیز سڑکوں پر ہیں ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ ناچ گانے میں مصروف ہیں۔چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کون سا انصاف ہے کہ خیبر پختونخواہ جہاں سے جیتی وہاں سے دھاندلی نہیں جہاں سے ہاری وہاں پر دھاندلی ہوئی ہے ۔

عجیب منطق ہے کہ ڈیڑھ سال بعد ایک شخص کو دھاندلی کی فکر پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ اسمبلی کے سوا باقی تین اسمبلیوں سے استعفے کیوں نہیں دیئے؟ کیا یہ نیا پاکستان بن گیا ہے آئی ڈی پیز سڑکوں پر بیٹے ہیں اور وزیراعلی پرویز خٹک اسلام آباد میں ناچ گانے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

جاری دھرنوں سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ہے ۔

دھرنے والے کہتے ہیں نواز شریف کا استعفیٰ لینا ہے میں انہیں پیغام دیتا ہوں کہ وزیر اعظم نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں ان سے کسی کا باپ بھی استعفیٰ نہیں لے سکتا۔ ہم1973 کے آئین کا ہر صورت دفاع کریں گے۔ عمران کہتا ہے سیلاب والے بھاڑ میں جائیں ہمیں نواز شریف کا استعفیٰ چاہیے ۔خدا کے لئے دھرنوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ناچ گانے بند کئے جائیں ۔غیرت والا شخص اہلخانہ کے ساتھ کس طرح دھرنے میں بیٹھ سکتا ہے ۔اسفند یار ولی نے کہا کہ جو کہتے ہیں کہ اے این پی ختم ہوگئی وہ آکر ہجوم کو دیکھ لیں ان کی طاقت کہاں ہے ۔فوج کو دعوت دینے والے ملک کے بڑے دشمن ہیں آپریشن ضرب عضب منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔