پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرح خواندگی کے حوالے سے متفقہ قرار داد منظور ،ملک سے جہالت کے خاتمے اور 100 فیصد شرح خواندگی کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں،وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور

منگل 9 ستمبر 2014 06:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9ستمبر۔2014ء) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرح خواندگی کے حوالے سے متفقہ قرار داد منظور کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ملک سے جہالت کے خاتمے اور 100 فیصد شرح خواندگی کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے قرار داد پیش کی جس کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان آٹھ ستمبر یوم خواندگی کے موقع پر اس عزم کا اظہارکرتا ہے کہ پورے ملک سے جہالت کے اندھیرے ختم کرنے اور ہر بچے/ بچی کو تعلیم کے زیور سے آرستہ کرنے کیلئے تمام وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی ۔ یہ ایوان محسوس کرتا ہے کہ پاکستان کی سماجی شعبوں بالخصوص تعلیم میں عالمی رینکنگ تشویشناک حد تک کم ہیں جو پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں جو پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان ملک سے جہالت ختم کرنے کیلئے ”تعلیمی ایمرجنسی“ کے تحت وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی سے سفارش کرتاہے کہ تعلیم کے فروغ اور بالخصوص پرائمری سطح پر سو فیصد خواندگی حاصل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ پاکستان کا شمار دنیا میں تعلیمافتہ اور انسانی وسائل میں ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے کیا جا سکے۔

قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ‘ ایوان اس امر کا بھی اظہار کرتا ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی سماجی اور تعلیمی رینکنگ تشویشناک حد تک کم ہے جو پوری قوم اور حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے یہ ایوان ضروری قرار دیتا ہے کہ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتیں شرح خواندگی کے فروغ اور جہالت کے خاتمے کیلئے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے سو فیصد خواندگی کے حصول کیلئے اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :