عرب لیگ کا عالمی برادری سے نئی عراقی حکومت کی حمایت پر زور

بدھ 10 ستمبر 2014 06:52

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے عراق میں دولت اسلامی (داعش) کے جنگجووٴں کو شکست دینے کے لیے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ وزیراعظم حیدر العبادی کی نئی حکومت کی حمایت کرے۔ میڈٰیا رپورٹ کے مطابق نبیل العربی نے منگل کو ایک بیان میں بغداد میں اس نئی حکومت اور اس کی داعش کے خلاف جنگ میں حمایت کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے اس نازک مرحلے پر عراق کو تقویت پہنچانے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زوردیا ہے۔عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے اتوار کو قاہرہ میں اپنے اجلاس میں داعش کے جنگجووٴں سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات اور بین الاقوامی کوششوں میں شریک ہونے سے اتفاق کیا تھا۔تاہم عرب لیگ نے واضح طور پر داعش کے جنگجووٴں کیخلاف امریکا کے فضائی حملوں کی حمایت کا اظہار نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ جان کیری داعش کے خلاف جنگ میں وسیع تر حمایت کے حصول کے لیے خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں۔توقع ہے کہ وہ آیندہ جمعرات کو سعودی عرب میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے اور ان سے داعش کے خلاف امریکا کے مجوزہ بین الاقوامی اتحاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔عراق کے وزیراعظم ڈاکٹر حیدر العبادی کی کابینہ نے پارلیمان کی منظوری کے بعد اقتدار سنبھال لیا ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ یہ وسیع البنیاد قومی حکومت عراق کو تقسیم ہونے سے بچا سکتی ہے اور اس میں اہل سْنت کی نمائندگی سے ان کی جانب سے داعش کے جنگجووٴں کی حمایت میں بھی کمی واقع ہوگی کیونکہ وہ سابق وزیراعظم نوری المالکی کی فرقہ وارانہ پالیسیوں کی وجہ سے داعش ایسے سخت گیر جنگجو گروپوں کی حمایت پر مجبور ہو گئے تھے۔