پاکستانی ٹینس ٹیم ڈیوس کپ گروپ ٹو کا فائنل کھیلنے بنکاک پہنچ گئی ،پاکستان ڈیوس کپ کا فائنل تھائی لینڈ سے کھیلے گا، اعصام الحق کے علاوہ پاکستان کی جیت کا دار و مدار 34سالہ عقیل خان کی کارکردگی پر ہوگا

بدھ 10 ستمبر 2014 06:38

بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء)پاکستانی ٹینس ٹیم ڈیوس کپ گروپ ٹو کا فائنل کھیلنے بنکاک پہنچ گئی ہے۔ نو برس بعد پاکستان کے لیے ڈیوس کپ ایشیا اوشنیا گروپ ون میں قدم رکھنے کے لیے میزبان تھائی لینڈ کو فائنل میں ہرانا ضروری ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شہرہ آفاق اعصام الحق کے علاوہ پاکستان کی جیت کا دار و مدار 34سالہ عقیل خان کی کارکردگی پر ہوگا۔

عقیل خان کہتے ہیں کہ ڈیوس کپ میں ہمیشہ میزبان ملک کو ہوم گراونڈ اور اپنی آب و ہوا کا فائدہ ہوتا ہے ، مگر ہمیں اس ریت کو توڑنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ہم نے جس طرح سیمی فائنل میں فلپائن کو اس کی سر زمین پر ہرایا اس کے بعد تھائی لینڈ کے خلاف بھی کامیابی پاکستان کے قدم چومے گی۔ عقیل خان ڈیوس کپ میں ریکارڈ 41 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کندھا زخمی ہونے کے بعد ان کی فائنل کے لیے تیاری تسلی بخش ہے۔

کہا کہ میں اعصام الحق کے ساتھ سولہ برس سے ڈیوس کپ کھیل رہا ہوں۔ ہم تھائی لینڈ کے کھلاڑیوں کے خلاف بھی ماضی میں کھیل چکے ہیں۔ اس لیے فائنل کا کوئی اضافی دباو محسوس نہیں کر رہے۔ پاکستان 1948 سے ڈیوس کپ مقابلوں میں شریک رہا ہے اور دو ہزار پانچ میں اعصام الحق اور عقیل خان کی ہی شاندار کارکردگی اسے ورلڈ گروپ تک لے گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :