مسلم لیگ(ن) نے عمران خان اور پرویز الہٰی کو فلڈ شوز کے جوڑے بھجوادیئے ،زعیم حسین قادری،کنٹینروں اورگھروں میں بیٹھ کر دوسروں کا مذاق اڑانے والے فلڈ شوز پہن کر مصیبت زدہ عوام کیلئے باہر نکلیں ،شریف برادران عوام کی فلاح و بہبودکیلئے عملی اقدامات جبکہ چوہدری برادران صرف ڈرامہ بازی کرتے ہیں، ترجمان حکومت پنجاب

بدھ 10 ستمبر 2014 06:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) ممبر پنجاب اسمبلی و ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے عمران خان اور پرویز الہٰی کو فلڈ شوز کے جوڑے بھجوادےئے ہیں۔کنٹینروں اورگھروں میں بیٹھ کر دوسروں کا مذاق اڑانے والے فلڈ شوز پہن کر مصیبت زدہ عوام کے لئے باہر نکلیں اورمشکلات میں گھرے لوگوں کی مدد کریں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان اورپرویز الہٰی کو اگر عوام سے کوئی ہمدردی ہے تو وہ بلا تاخیر مسلم لیگ(ن) کے بھجوا ئے گئے فلڈ شوز پہن کر سیلاب کے پانیوں میں گھرے لوگوں کی مدد کے لئے اپنے کنٹینروں اورگھروں سے باہر آجائیں کیونکہ چھ روز گزرنے کے باوجود عمران خان اورپرویز الہٰی ابھی تک سیلاب متاثرین کے پاس نہیں پہنچے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دراصل عمران اور پرویز الہٰی کو عوام سے کوئی سروکار نہیں اوریہ سیاستدان صرف اپنے ذاتی مفادات کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا چوہدری پرویز الہی کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے زعیم حسین قادری نے کہا کہ شریف برادران عوام کی فلاح و بہبودکیلئے عملی اقدامات جبکہ چوہدری برادران صرف ڈرامہ بازی کرتے ہیں -انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کی سیاست کا محور صرف الزام تراشی ہے اور وہ سیلاب زدگان کی مدد کی بجائے اس موقع پر بھی پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں۔