برطانیہ کا اسکاٹ لینڈ کو مزید خود مختاری دینے پر غور،حکومت مالیا ت جیسے معاملات حوالے کرنے کا سوچ رہی ہے، وزیر خزانہ

بدھ 10 ستمبر 2014 06:52

لند ن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء ) برطانیہ نے سکاٹ لینڈ کو مزید خود مختاری اور مراعات دینے پر غور شروع کر دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ سروے کے بعد لندن حکومت فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو مزید خود مختاری دینے پر غور کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ جارج اوسبورن نے برطانوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حکومت وہاں کے مالیاتی اور ٹیکس جیسے معاملات اسکاٹ لینڈ کے حوالے کرنے کا سوچ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ایڈنبرا کی علاقائی حکومت کو سماجی معاملات میں فیصلہ سازی کے مزید اختیارات دینے کی بات کی جائے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کی جانے والی منصوبہ بندی آئندہ چند روز میں عوام کے سامنے پیش کر دی جائے گی اور اگر آئندہ ’آزادی ریفرنڈم‘ ،میں اسکاٹ لینڈ کے عوام انگلینڈ کے ساتھ قائم تین سو سال پرانی یونین میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان فیصلوں کو نافذالعمل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت کی طرف سے اسکاٹ لینڈ کے لیے مزید خود مختاری کا اعلان گزشتہ اتوار کو ہونے والے اس سروے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں اسکاٹ لینڈ کی محدود اکثریت نے برطانیہ سے آزادی کے حق میں ووٹ دینے کا کہا ہے۔ اس سروے کے مطابق اس میں شامل 51 فیصد افراد نے برطانیہ سے آزادی کے حق میں ووٹ دینے کا کہا جب کہ 49 فیصد نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کو برطانیہ کے ساتھ الحاق قائم رکھنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :