مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے لیے سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ، مشکوک باوٴلنگ ایکشن ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے بورڈ نے آسٹریلیا سے ایک خصوصی سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انتخاب عالم ، آئی سی سی پابندی کا شکار پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کو بھی بائیو مکینک ٹیسٹ سے گزاریں گے تاکہ ان کا باوٴلنگ ایکشن درست کر کے انہیں آنے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا جا سکے، پی سی بی

ہفتہ 20 ستمبر 2014 07:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے حامل باوٴلرز کا پتہ لگانے کے لیے ایک خصوصی سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ہیڈ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ مشکوک باوٴلنگ ایکشن ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے بورڈ نے آسٹریلیا سے ایک خصوصی سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے ان باوٴلرز کا پتہ چلایا جاسکے گا جو آئی سی سی کی جانب سے کہنی کے 15 ڈگری کے زاویے تک جھکاوٴ کی سطح کی خلاف ورزی کریں گے۔انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ 22 ہائی اسپیڈ کیمروں اور سافٹ ویئرز کے ساتھ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قائم کی گئی بائیو مکینکس لیب کے ساتھ ساتھ ہم مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے حامل باوٴلرز کا پتہ چلانے کے لیے آسٹریلیا سے سافٹ ویئر درآمد کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں

انتخاب عالم کے مطابق اس سافٹ ویئر میں ایک رسٹ اسکینر (جسے باوٴلر کی کلائی پر لگایا جائے گا)، کمپیوٹر سافٹ ویئر اور کمیرے شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی پابندی کا شکار پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کو بھی بائیو مکینک ٹیسٹ سے گزاریں گے تاکہ ان کا باوٴلنگ ایکشن درست کر کے انہیں آنے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی باوٴلنگ ایکشن کمیٹی نے ایسے 35 سے 40 باوٴلرز کی شناخت کی ہے اور ہم بال ٹمپرنگ کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

انتخاب عالم کے مطابق کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے امپائرز اور میچ آفیشلز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر کوئی بھی باوٴلر مشکوک ایکشن کا حامل دکھائی دے یا ٹمپرنگ کرے تو وہ اس کی رپورٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ سعید اجمل پر پابندی پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے اور وہ ورلڈ کپ سے قبل ان کے باوٴلنگ ایکشن کو درست کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔