کیلیفورنیا میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی

جمعرات 2 اکتوبر 2014 08:50

لاس اینجلس ،امریکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء)کیلیفورنیا امریکہ کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے،جیسا کہ گورنر جیری براؤن نے اس پر دستخط کرکے قانون کی شکل دیدی ہے۔قانون کے مطابق سنگل استعمال کے پلاسٹک کے تھیلے یکم جولائی2015ء سے کریانے کے سٹورز اور فارمسیز سے ختم کئے جائیں گے اور پھر یکم جولائی2016ء سے دیگر سہولتی مراکز اور شراب کے سٹورز سے ختم کئے جائیں گے۔

اراکین پارلیمنٹ نے رواں ماہ کے اوائل میں بل کی منظوری دی تھی اور براؤن نے ستمبر کے اختتام پر اس پر دستخط کردئیے۔براؤن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بل درست سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے،اس سے ہمارے ساحل،پارکوں اور حتی کہ وسیع وعریض سمندر میں پلاسٹک آلودگی میں کمی واقع ہوگی،ہم ان تھیلوں پر پابندی عائد کرنے والی پہلی ریاست ہیں اور آخری نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

بل سٹوروں کو اجازت دیتا ہے کہ وہ دوبارہ قابل استعمال تھیلوں یا کاغذ کیلئے دس سینٹس وصول کرسکتے ہیں،اسی طرح کیلیفورنیا کے دیگر شہروں لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں پہلے ہی ماہرین ماحولیات کی حمایت سے اس طرح کی پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔ری پبلکنز کی جانب سے پابندی کی مخالفت سامنے آئی تھی جو یہ دلیل دیتے ہیں کہ اس سے چھوٹے اور درمیانے سائز کے کاروبار میں حکومت کی مداخلت بہت بڑھ جائے گی اور بیگ تیار کنندگان کی جانب سے بھی اس کی مخالفت کی گئی تھی جنہیں روزگار سے ہاتھ دھونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔