حیدرآباد و نواحی علاقوں میں زہریلی کچی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد 10ہوگئی، ہلاکتوں میں اضافے کے بعد پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا

جمعرات 2 اکتوبر 2014 08:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء) حیدرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں زہریلی کچی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد 10ہوگئی ہے، ہلاکتوں میں اضافے کے بعد پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لطیف آباد یونٹ نمبر 4 میں بچاؤ بند کے قریب زہریلی شراب پینے سے فیصل نامی نوجوان ہلاک ہو گیا جو کہ رنگ کا کام کرتا تھا کچھی محلہ میں 28 سالہ میر محمد جبکہ سائیٹ ایریا میں حسین شاہ ، عطامحمد اور ناصر ہلاک ہو گئے جبکہ گزشتہ شب تھانہ پھلیلی کی حدود مچھرکالونی میں25 سالہ نوجوان صابر اور 22 سالہ فرخ ولد فاروق کچی شراب پینے کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔

اُدھرحیدرآباد پولیس نے لطیف آباد، ٹنڈوجام، ہوسڑی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کے49سے زائد منشیات فروشوں کو4 شراب کی بھٹیاں مسمار کرکے سیکٹروں لیٹرکچی شراب سمیت گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی حیدرآباد نے حسین آباد واقعے کی اطلاع پر فوری رپورٹ طلب کرلی۔

ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن نے انہیں بتایا کہ صبح تھانہ بی سیکشن تھانے کی حدود بچاؤ بندپر ایک شخص فیصل کی ہلاکت پر وہ اس کے گھر گئے تو اس کے والدین نے انہیں بتایا کہ ان کا بیٹا فیصل جامشورو میں گھر میں رنگ کا کام کر رہا تھا کل صبح 9 بجے اپنے گھر والوں سے جھگڑا کر کے کام پر جامشورو چلا گیا تھا دن 2بجے واپس آیا تو اس کی طبیعت خراب ہو رہی تھی جسے بھٹائی ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے بعد میں سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا وہاں وہ دم توڑ گیا۔

جبکہ راہوکی پولیس نے گوٹھ خان محمد مغل اور مرزا باغ اور چینل موری میں کاروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش غلام محمد ناریجو کو گرفتار کرکے 200لیٹر شراب برآمد کرلی ۔ پھلیلی پولیس نے دوران پیٹرولنگ بکرا منڈی روڈ کے قریب سے منشیات فروش جاوید ولد بشیر ملک کو 160لیٹر شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ٹنڈو یوسف پولیس نے محمد مگسی تالاب کے قریب سے ایک منشیات فروش سردار ولد عبدالغفور قریشی کو85بوتل شراب سمیت گرفتار کرلیا۔

ٹنڈوجام پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایک منشیات فروش تلسی ولد امریو کولہی کو 15بوتل شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ سیری پولیس نے درگاہ بودلو فقیر کے قریب سے منشیات فروش قادر بخش رند کو 15لیٹر شراب سمیت گرفتار کرلیا۔سی آئی اے پولیس نے تھانہ راہوکی کی حد دو گوٹھ عرس میر بحر میں کاروائی ایک منشیات فروش وکیوملاح کو گرفتار کرکے 90بوتل شراب برآمد کرلی اس دوران منشیات فروشوں کے ساتھیوں نے پولیس پرحملہ کردیا۔ جس سے سب انسپکٹر غلام علی دل اور ہیڈ کانسٹیبل محمد بخش زخمی ہوگئے جبکہ پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔

متعلقہ عنوان :