پیپلز پارٹی میں مورثی سیاست نہیں ہے اور اس کا الزام دینے والے حقائق سے بے خبر ،شرجیل میمن ، بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ماں کا مشن آگے بڑھانے کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے۔ اس ملک کو آئین، جمہوریت،عوام کو آواز ، ایٹمی طاقت اور 90ہزار فوجیوں کو چھڑوانے کی سزا ہمارے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو کو ماروائے عدالت قتل کی صورت میں جبکہ اس ملک میں جمہوریت کے استحکام اور پیپلز پارٹی کا نام لینے پر بینظیر بھٹو شہید کو ظلم و بربریت کا شکار بنایا گیا،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 2 اکتوبر 2014 08:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میں مورثی سیاست نہیں ہے اور اس کا الزام دینے والے حقائق سے بے خبر ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ماں کا مشن آگے بڑھانے کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے۔ اس ملک کو آئین، جمہوریت،عوام کو آواز ، ایٹمی طاقت اور 90ہزار فوجیوں کو چھڑوانے کی سزا ہمارے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو کو ماروائے عدالت قتل کی صورت میں جبکہ اس ملک میں جمہوریت کے استحکام اور پیپلز پارٹی کا نام لینے پر بینظیر بھٹو شہید کو ظلم و بربریت کا شکار بنایا گیا۔

سندھ اسمبلی میں آنے والی تحریک التواء کا آئینی اور جمہوری طور پر مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کے آئندہ کے اجلاس میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ کے حوالے سے بل کو منظور کروایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ آج کی پریس کانفرنس کو محکمہ بلدیات تک محدود رکھنا چاہتے تھے تاہم جب میرے لیڈر اور قائدین پر بات آئے اور اس پر کوئی سوال کرے تو میں کس طور خاموش رہ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر مورثی سیاست کا الزام عائد کرنے والے اس ملک کے آئین کے خالق اور اس ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ماروائے عدالت قتل شاید بھول گئے ہیں اور جن حالات میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کی باگ دوڑ سنبھالی وہ حالات بھی کوئی آئیڈیل نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شریک چئیر مین اور سابق صدر کو صرف 11برس تک اس الزام کے تحت قید میں رکھا گیا کہ وہ محترمہ بینظیر بھٹو کے شوہر تھے۔

شرجیل میمن نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان نے اس ملک کی بقاء، سالمیت اور جمہوریت کے استحکام کے لئے جتنی قربانیاں دی ہیں اس ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت نے نہیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی ماں کا مشن آگے بڑھانے کے لئے میدان عمل میں آئے ہیں اور پیپلز پارٹی کی قیادت کوئی سونے کی سیج نہیں بلکہ یہ کانٹوں کا وہ بستر ہے، جو شہادت تک جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں جمع کروائی جانے والی تحریک التواء کا ہم بھرپور انداز میں آئینی اور جمہوری انداز میں مقابلہ کریں گے۔