عرا ق ، بغداد ایک بارپھر دھماکوں سے گونج اٹھا ، 35 افراد ہلاک، در جنو ں زخمی ،ضلع الحریہ میں دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد ، زعفرانیہ میں 7، ساب البور میں 5جبکہ الشولہ میں 3افراد ہلاک ہو ئے‘ دولت اسلامیہ کے خلاف امریکی فضائی کارروائی کے بعد عراق میں یہ سب سے بڑی کارروائی ہے

جمعرات 2 اکتوبر 2014 08:50

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں بم دھماکوں اور مارٹر حملوں کی نئی لہر نے مزید 35 افراد کی جان لے لی ہے۔ دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکی فضائی کارروائی کے بعد عراق میں یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطا بق منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو کئے گئے ان حملوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے لیکن دولتِ اسلامیہ اس سے قبل بغداد میں ہونے والے کئی خود کش حملوں کی ذمہ داری قبول کرچکی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو عراق کے ضلع الحریہ میں دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔ الحریہ سے متصل بغداد کے شمالی علاقے ساب البور میں ایک مارٹر حملے میں پانچ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

تیسرا کار بم دھماکہ منگل کی شام دارالحکومت کے شیعہ اکثریتی زعفرانیہ ضلع میں ہوا جس میں سات افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مقام سے فائر کیے جانے والے تین مارٹر بغداد کے ایک اور شیعہ اکثریتی ضلع الشولہ میں گرنے سے تین افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو دارالحکومت کے علاوہ عراق کے بعض دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی شیعہ آبادیوں پر حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ عراقی کردستان کے قصبے خاناقین میں بھی ایک بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گشت پر مامور چار کرد سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :