دولتِ اسلامیہ کوبانی سے بہت حد تک پسپاکردیا گیا ہے، شامی کرد کمانڈر کا دعوی

جمعہ 17 اکتوبر 2014 08:23

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اکتوبر۔2014ء)شام میں ایک کرد کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجووٴں کو دفاعی اہمیت کے حامل شہر کوبانی کے دو حصوں کے علاوہ تمام علاقوں سے نکال دیا گیا ہے۔شہر کے مشرق میں آپریشن کی انچارج کمانڈر بحرین کندال نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی فضائی حملوں کی وجہ سے دولتِ اسلامیہ کے جنگجو پسپا ہونے پر محبور ہوئے۔

علاقے میں کرد ملیشیا کی انچارج کمانڈر نے امید ظاہر کی ہے کہ دولتِ اسلامیہ سے تمام شہر کو جلد خالی کرا لیا جائے گا۔اس سے پہلے ایک کرد اہلکار ادریس نسان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ دولتِ اسلامیہ نے حالیہ دنوں میں شہر کے 20 فیصد سے زیادہ حصے سے کنٹرول کھو دیا ہے۔امریکی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ کوبانی میں بڑھتے ہوئے امریکی فضائی حملوں میں سینکڑوں جنگجو مارے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب امریکی صدر براک اوباما اور یورپی رہنماؤ ں نے عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کی پیش قدمی روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ویڈیو کانفرنس میں صدر اوباما اور برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے رہنماوٴں نے عراق میں ایک ’ہمہ گیر سیاسی حکمتِ عملی‘ کی پشت پناہی میں اضافہ کرنے اور عراقی و شامی افواج کی تربیت میں مدد دینے پر اتفاق کیا۔

چند دن پہلے تک دولتِ اسلامیہ کے پاس کوبانی کے 40 فیصد حصے کا کنٹرول تھا، لیکن اب ان کے پاس 20 فیصد سے کم حصہ رہ گیا ہے۔ادریس نسان نے بتایا تھا کہ کردوں کے وائی پی جی جنگجو کوبانی میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا: ’چند دن پہلے تک دولتِ اسلامیہ کے پاس کوبانی کے 40 فیصد حصے کا کنٹرول تھا، لیکن اب ان کے پاس 20 فیصد سے کم حصہ رہ گیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ محصور شہر اور اس کے نواح میں ’سینکڑوں جنگجو‘ مارے گئے ہیں، تاہم یہ ’اب بھی دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں میں جا سکتا ہے۔‘انھوں نے مزید کہا: ’دولتِ اسلامیہ نے یہ بات چھپائی نہیں کہ وہ اس شہر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، اس لیے وہ کوبانی میں مسلسل جنگجو بھیجے چلے جا رہے ہیں۔‘دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں خصوصی امریکی ایلچی جان ایلن نے کہا کہ فضائی حملوں کا مقصد شہر کی دفاعی فوج کو مدد فراہم کرنا ہے ۔

‘امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا ے کہ امریکی قیادت میں لڑنے والی افواج نے منگل اور بدھ کو کوبانی اور اس کے نواح میں 18 فضائی حملے کیے۔اس دوران جنگی پوزیشنیں تباہ کی گئیں اور 16 عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔