ارجنٹائن تشدد سے متعلق جرائم کی روک تھام کیلئے ہتھیار و گولہ بارود کی فروخت پر پابندی عائد

جمعہ 17 اکتوبر 2014 08:27

بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اکتوبر۔2014ء)ارجنٹائن کے شہر سانتافی کے میئر نے گزشتہ روز تشدد سے متعلق جرائم کو ، جو زیادہ تر منشیات کی سمگلنگ سے متعلق ہے، جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوشش میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فروخت پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔امسال اب تک بیونس آئرس سے 470کلومیٹر(290میل) کے شمالی شہر سانتافی میں قتل کے 117واقعات ہوچکے ہیں ۔

یہ تعداد 2007ء میں 116 ہلاکتوں کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے،2013ء میں 106ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں میئر جوزکارل نے کہا کہ وہ 90روز کے لئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فروخت معطل کررہے ہیں۔ارجنٹائن کے کئی باشندے ملک میں پرتشدد جرائم کے بارے میں فکر مند ہیں اوریہ معاملہ صوبہ سانتافی میں زیادہ شدید ہے جہاں منشیات کی سمگلنگ ایک اہم مسئلہ ہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے شہر روساریو میں یہ مسئلہ سیاسی تنازعات ،کرپشن ، غربت اور فٹ بال کی غنڈہ گردی کی وجہ سے دبا ہوا ہے ۔ارجنٹائن کی 80فیصد سے زائد سویا بین ، گندم اور مکئی روساریو کی بندر گاہوں کے ذریعے برآمد کی جاتی ہے۔