قبائلی علاقوں کے آئی ڈی پیز کی اْن کے گھروں کو جلد با عزت واپسی کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی،صدر ممنون حسین،آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے مشکلات سے دوچار علاقوں کے ساتھ پورے ملک میں امن و استحکام آئے گا،فاٹا سے متعلق اجلاس کی صدارت

جمعہ 17 اکتوبر 2014 08:13

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اکتوبر۔2014ء)صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے نقل مکانی کرنے والے بے گھر افراد کی عزت وو قار سے اْن کے گھروں کو جلد واپسی کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایوانِ صدر اسلام آباد میں فاٹا سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا)میں ترقیاتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔

صدر کو امن وامان کی مجموعی صورتحال اور بے گھر افراد کے بارے میں تبایاگیا۔ ممنون حسین نے بے گھر افراد کی گھروں کو باوقار اور باعزت واپسی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں جلد دو ر کرنے پر زوردیا۔ اْنہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے خصوصاََ شدت پسندی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور ان کی بحالی میں کوئی کسر اْٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہیں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے تعلیم ، صحت اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے شعبوں کی بحالی کیلئے 4ر ارب35کروڑ 10 لاکھ روپے کی خصوصی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی ہے۔

اس کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت علاقے کیلئے18 ارب 50کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں صدر مملکت نے اس بات پراطمینان کا اظہار کیا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے مشکلات سے دوچار علاقوں کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں امن اور استحکام آئے گا۔انہیں اس بات سے آگاہ کیاگیا کہ عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں 7 ہزار728افراد جاں بحق اور12 ہزار 656 افراد زخمی ہوئے جبکہ فاٹا میں انفراسٹرکچر کو35 ارب48کروڑ 10 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ علاقے کے متاثرین میں 2 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کی مالی امداد دی جاچکی ہے۔ اجلاس میں پولیو کے مسئلے اور قبائلی علاقہ جات میں ہر بچے تک پولیو ٹیموں کی رسائی کیلئے اْٹھائے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :