وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات، کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ،پنجاب حکومت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، شہبازشریف،پاکستانی نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے ، آئندہ بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، غیرملکی ٹیموں کو پاکستان میں دوبارہ کھیلنے کی جانب راغب کرنے کیلئے پوری کوشش کی جانی چاہیئے، پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، وزیراعلیٰ کی شہر یار خان سے گفتگو

جمعہ 17 اکتوبر 2014 08:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ آئندہ بھی کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی مواقع پر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ تاہم ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے نچلی سطح پر کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔انہو ں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

کھیل معاشرے میں نظم و ضبط کو فروغ دینے کے ساتھ ٹینشن میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔

کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دے کر معاشرے سے منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بلاشبہ کھلاڑی بیرون ملک اپنے وطن کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ غیرملکی ٹیموں کو پاکستان میں دوبارہ کھیلنے کی جانب راغب کرنے کیلئے پوری کوشش کی جانی چاہیئے اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہر یار خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کرکٹ کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون کر رہے ہیں۔ویمنز کرکٹ ٹیم کو انعامات دے کر شہبازشریف نے خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔